معروف گلوکار عاصم اظہر نے باقاعدہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اُن کی اور اداکارہ میرُب علی کی منگنی ختم ہو چکی ہے۔
پاکستان شوبز کی اس مشہور جوڑی نے باہمی رضامندی سے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ اُن کے درمیان کچھ خوبصورت لمحات اور ایک مشترکہ مستقبل کی امیدیں وابستہ تھیں، لیکن زندگی نے ایک مختلف رُخ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ دونوں نے سوچ سمجھ کر اور باہمی احترام کے ساتھ کیا ہے جس میں دونوں خاندانوں کو بھی شامل کیا ہے۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ذاتی معاملے میں اُن کی پرائیویسی کا احترام کریں اور کسی قسم کی قیاس آرائی سے گریز کریں۔
عاصم اظہر نے اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ اُنہیں محبت دی اور ان کو بطور جوڑی سپورٹ کیا۔
گلوکار کی جانب سے یہ اعلان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی ہے اور دونوں فنکاروں کے مداح مایوس نظر آرہے ہیں جبکہ کئی سوشل میڈیا صارفین میرب علی اور عاصم اظہر سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس فیصلے کی وجہ بھی دریافت کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عاصم اظہر اس سے قبل معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ قریبی تعلقات میں تھے اور ان کے بریک اپ کی خبر نے بھی سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی تھی۔