کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وفاقی بجٹ کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مثبت توقعات کے باعث مارکیٹ زبردست تیزی کے ساتھ ایک لاکھ 26 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز کاروبار کا اختتام 100 انڈیکس میں 2328 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 24 ہزار 352 پوائنٹس پر ہوا تھا، جو مارکیٹ کی اب تک کی بلند ترین سطح تھی، تاہم آج جمعرات کے روز بھی مارکیٹ کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا اور ابتدا ہی میں 1233 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس ایک لاکھ 25 ہزار 585 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔
بعد ازاں تیزی کا رجحان مستحکم رہا اور 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 1675 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھا گیا، جس کے ساتھ ہی مارکیٹ نے ایک لاکھ 26 ہزار 028 پوائنٹس کی نئی تاریخی بلندی عبور کر لی۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کاروباری طبقے کو ممکنہ ریلیف، نئے ٹیکس نہ لگنے اور جاری معاشی اصلاحات کے تسلسل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی ہے، جس کا اثر اسٹاک مارکیٹ پر بھرپور انداز میں ظاہر ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نہ صرف کیپٹل مارکیٹ بلکہ مجموعی معیشت کو بھی مثبت اثرات حاصل ہوں گے۔