اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے۔
ابوظبی کے البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے ہمراہ گاڑی میں صدارتی محل کی جانب روانہ ہوئے۔
ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی احمد الشمسی، یو اے ایی میں پاکستان کے سفیر فيصل نياز ترمذی اور پاكستانی سفارتی عملہ بھی وزیر اعظم کے استقبال کے لیے موجود تھا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔
اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتِ حال سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
یہ اہم دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اقتصادی تعاون کے فروغ اور خارجہ تعلقات کے استحکام کی کوششوں میں مصروف ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کا قریبی اتحادی اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے۔