ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں میں امریکی سفارت خانے کی ایک برانچ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق، اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے بتایا کہ تل ابیب میں امریکی سفارت خانے کے ایک ذیلی دفتر سے ایرانی میزائل ٹکرایا۔
انھوں نے مزید کہا کہ عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے لیکن میزائل لگنے سے سفارت خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیل میں امریکی سفیر ہکابی نے مزید کہا کہ اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ پیر کے روز بند رہے گا کیونکہ وہاں “شیلٹر ان پلیس” کا حکم تاحال نافذ ہے۔
خیال رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ چوتھے روز میں داخل ہوگئی دونوں جانب حملے وسیع اور شدت اختیار کر گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Express News
ایران پر حملے سے قبل امریکا نے اسرائیل کو 300 ہیل فائر میزائل فراہم کیے: امریکی عہدیداروں کا انکشاف
رات گئے ایران نے ایک اسرائیلی آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا اور بجلی کے نظام کے کچھ حصے کو نقصان پہنچایا۔
اسرائیل میں اب بھی مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور رہائشی عمارتیں متاثر ہوئیں۔
ایران کے حملوں میں اسرائیل میں ہونے والی ہلاکتیں 24 تک جا پہنچی ہیں جب کہ اسرائیلی حملوں میں ایران کی ٹاپ ملٹری لیڈر شپ سمیت 224 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔