اسلام آباد:پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے دونوں ممالک کو بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو فروغ دیں گے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست ہیں اور ہم سی پیک کو مزید فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس چین نے پاکستان کو 20 ہزار ہیلتھ کٹس دی تھیں، اس مرتبہ ان کی تعداد 50 ہزار کردی گئی ہے، جی ڈی آئی کے فروغ کا مطلب سب کی مشترکہ ترقی ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان نے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں اور حالیہ بجٹ کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے اور ترقی کے ثمرات عوام تک منتقل ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے سروے کے تحت پہلے دس سال کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین تجارت میں زبردست اضافہ ہوا ہے، چین اور پاکستان ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے دنیا کے دیگر ممالک کو بھی مستفید کرنا چاہتے ہیں۔
جیانگ زائیڈونگ نے کہا کہ چین وسطی ایشیائی ممالک کے لیے تعلیم کے شعبے میں بھی وظائف دے گا۔