دہشتگردوں کے ہر سہولت کار کو پکڑا جائیگا چاہے وہ کوئی بھی ہو کہیں بھی ہو، فیلڈ مارشل

راولپنڈی:فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث ہر سہولت کار، مددگار اور مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کوئی بھی ہو اور کہیں بھی ہو، خطے میں دہشت گردی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں ملک میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے بنوں گیریژن میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ بنوں میں زیر علاج زخمی جوانوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے مادرِ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو سراہا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور پاکستان سے دہشت گردی کے ہر شکل و صورت کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، دہشت گردی میں ملوث ہر سہولت کار، مددگار اور مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کوئی بھی ہو اور کہیں بھی ہو، خطے میں دہشت گردی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا اور ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس سمیت سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت دی کہ متعلقہ سرکاری ادارے وہ اس ضمن میں فوری اقدامات کریں، پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور استعداد میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں