نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت دیگر شہریوں میں 2 سے 5 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران ان شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج سے 5 جولائی کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بالاکوٹ، مری، گلیات میں موسلادھار بارش متوقع ہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، سوات، چترال، ڈی آئی خان، بنوں اور مردان میں اربن فلڈنگ اور دریائے کابل و سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں اور موسلادھار بارشوں کے باعث کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔