بھارتی اداکارہ شیفالی زری والا کی موت سے متعلق بھارت کے معروف ڈرماٹولجسٹ ایرک بورجز کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
معروف بھارتی اداکارہ و ماڈل شیفالی زری والا 42 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں، جس پر ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد ان کے شوہر پراگ تیاگی نے انہیں فوری طور پر ممبئی کے اندھیری علاقے میں واقع بیلیو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
بھارتی میڈیا کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اداکارہ کی موت کا تعلق اینٹی ایجنگ انجیکشن کے استعمال سے جوڑا جارہا ہے، جو انہوں نے ورت (فاسٹنگ) کے بعد لیا تھا۔
اس حوالے سے معروف ڈرماٹولوجسٹ ایرک بورجز کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اینٹی ایجنگ انجیکشنز بعض اوقات جسم کے الیکٹرولائٹس کا توازن بگاڑ دیتے ہیں، جس سے بلڈ پریشر میں کمی اور پوٹاشیم کی سطح گرنے جیسے خطرناک مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر نے اداکارہ کی سگریٹ نوشی کی عادت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نکوٹین جلد کے خلیوں کو نقصان پہنچا کر عمر رسیدگی کے آثار کو بڑھا سکتی ہے تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہی واضح ہوگی۔
یادر ہے کہ اس وقت شیفالی کی موت کی وجوہات سے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے اور ان کے ساتھی اداکاروں سمیت مداح جاننا چاہتے ہیں کہ کیا واقعی 42 سالہ اداکارہ کی موت اینٹی ایجنگ انجیکشن کی وجہ سے ہوئی ہے۔