بیٹرز کے صبرکا امتحان لینے والی پچ نظروں میں آگئی

لاہور: بیٹرز کے صبرکا امتحان لینے والی کیپ ٹاؤن کی پچ نظروں میں آگئی جب کہ آئی سی سی نے غیر تسلی بخش قرار دیدیا۔

کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کا فیصلہ 107 اوورز میں ہی ہو گیا تھا، مجموعی طور پر میچ میں 642 گیندیں کھیلی گئیں، یوں یہ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ ثابت ہوا، اس میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔

ریفری کرس براڈ نے ساتھی آفیشلز ، جنوبی افریقی کپتان ڈین ایلگر اور بھارتی ہم منصب روہت شرما سے رائے معلوم کی تو انھوں نے بھی ٹریک کو معیار سے کم درجے کا قرار دیا۔

براڈ نے باقاعدہ رپورٹ آئی سی سی کو پیش کی تھی جس کے نتیجے میں پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ایوارڈ کردیا گیا،کرکٹ ساؤتھ افریقہ 14روز میں اس فیصلے کیخلاف اپیل کرسکے گا۔

کرس براڈ کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کی پچ بیٹنگ کیلیے بہت مشکل تھی، باؤنس ناہموار ہونے کی وجہ سے شاٹس کھیلنا آسان نہیں تھا، اسی وجہ سے وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں، بیٹرز کو گیندیں بھی لگیں۔

دوسری طرف کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جائے گا، ایک آفیشل نے بتایا کہ پچ کے بارے میں درست رائے قائم کی گئی، اس لیے اپیل کا جواز نہیں بنتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں