کراچی ائرپورٹ؛ ڈیڑھ کروڑ سے زائد کرنسی اور سونا اسمگلنگ کی کوشش ناکام

کراچی: ائرپورٹ سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت سے زائد کی کرنسی اور سونا اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ائرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے کراچی ائرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینکاک جانے والی پرواز پر ایک مسافر کی جانب سے 16 ملین روپے مالیت کی کرنسی اور بھاری مقدار میں سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق بینکاک کی پرواز پر سفر کرنے والے مسافر عمران گل اعوان نے 251 گرام سونا اور غیر ملکی کرنسی جس میں امریکی ڈالر، ہانگ کانگ ڈالر، یوان اور ریال شامل تھے، اپنے بیگ میں چھپا رکھے تھے۔

اے ایس ایف کے عملے نے سامان کے مشکوک ہونے پر دستی تلاشی کے دوران کرنسی اور سونا برآمد کر کے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنا دی ۔

ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ سونے اور کرنسی سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹمز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں