بھارت؛ شیوسینا کی رہنما کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں انتہا پسند ہندو جماعت شیوسینا کی خاتون رہنما سشما آندھرے کو انتخابی مہم کے سلسے میں لینے کے لیے جانے والا ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران زمین بوس ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر رائے گڑھ میں شیوسینا لیڈر سشما آندھرے کو لینے آیا تھا۔ جنھیں مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو فضا میں ہچکولے کھاتے ہوئے دیکھا۔ پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکا اور ہیلی کاپٹر زمین پر گرگیا۔
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سشما آندھرے اپنی کار میں روانہ ہوگئیں۔ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جب کہ ہیلی کاپٹر کے پَر اور ونڈ اسکرین ٹوٹ گئے۔ یہ ہیلی کاپٹر نجی ادارے سے کرایے پر حاصل کیا گیا تھا۔

ایوی ایشن کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

یاد رہے کہ 29 اپریل کو حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر اور موجودہ وزیر داخلہ امیت شاہ کا ہیلی کاپٹر بھی اڑان بھرنے کے دوران زمین سے ٹکرا گیا تھا۔

اس حادثے میں امیت شاہ محفوظ رہے تھے۔ وہ بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے

اپنا تبصرہ بھیجیں