آپریشن عزمِ استحکام کا دائرہ صرف ایک صوبہ نہیں، پورا پاکستان ہوگا، سعد رفیق

لاہور: لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آپریشن عزمِ استحکام کا دائرہ صرف ایک صوبہ نہیں بلکہ پورا پاکستان ہوگا۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں، ریاستی تنصیبات ،عبادت گاہوں اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے اور بم پھاڑنےوالے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کے خاتمے تک ان کے خلاف آپریشن بلا تعطل و تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ‏بدقسمتی سے پی ٹی آئی حکومت میں دہشت گردوں سے مذاکرات اور انہیں ڈھیل دینے کی باجوہ ڈاکٹرائن نے بیک فائر کیااور انہیں دوبارہ قدم جمانے کا موقع ملا ‏جب کہ افغانستان کی امارت اسلامیہ اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ‏وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ذریعے پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کےان کیمرا سیشن میں آپریشن عزم استحکام کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لے۔ سیاسی قیادت سے مکالمہ اور ان کی تائید آپریشن کی کامیابی کے لیے اہم ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ‏سیاسی قیادت داخلی جھگڑوں سے بالاتر ہوکر ریاستی مفاد میں قدم بڑھائے جیسا کہ عمران حکومت کے دوران میں اس وقت کی اپوزیشن نے قومی معاملات پر ریاست کی مدد کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی واضح کردی جائے کہ اس آپریشن کا دائرہ صرف ایک صوبہ نہیں بلکہ پورا پاکستان ہوگااور نشانہ Jet Black Terrorist ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں