بابراعظم کی کپتانی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹریکچر پر مشاورت کیلئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹرز کو لاہور طلب کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کیلئے بابراعظم کی کپتانی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پیر کے روز 30 سے 35 انٹرنیشل کرکٹرز سے ملاقات کریں گے۔
سابق کرکٹرز سے ڈومیسٹک سسٹم پر فیڈ بیک کے بعد تجاویز پر عمل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کے نام سے شروع ہونے والے تین نئے ٹورنامنٹ پر بھی کرکٹرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
قبل ازیں محسن نقوی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی سے متعلق ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروادی ہے جبکہ کپتان بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے۔