ملک بھر میں آج سے 6 اگست تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات صاحب زاد خان نے کہا ہے کہ آج سے چھ اگست تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے، پہلا سلسلہ اگست کی 6 تاریخ تک اور دوسرا سلسلہ 7 تا 15 اگست جاری رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ مون سون کے دو ماہ ابھی باقی ہیں لاہور میں بہت زیادہ بارش ہوئی جس کی پیش گوئی ہم نے پہلے کردی تھی، لاہور ائیرپورٹ پر آج بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، 44 برس بعد لاہور میں 360 ملی میٹر بارش محض پانچ چھ گھنٹے میں ریکارڈ ہوئی ہے۔

صاحبزاد خان نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقے بارشوں کی زد میں ہیں، مون سون کے سیزن میں جولائی کے مہینے میں سات فیصد بارشیں کم ہوئی ہیں، ابھی تک سب سے زیادہ بارش 662 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے٫ جولائی کے مہینے میں بارش کے پانچ سلسلے ہوئے۔
ڈی جی موسمیات نے کہا کہ ہمارے ڈیموں میں ابھی پانی کی گنجائش موجود ہے، اگر بارشیں زیادہ ہوتی بھی ہیں تو سیلاب کا بہت زیادہ خطرہ نہیں ہے، تربیلا ڈیم میں پانی 77.7 فیصد بھرچکا ہے، منگلاڈیم میں 60.3 فیصد پانی بھر چکا ہے، بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو چناب میں سیلاب کا خدشہ ہوسکتا ہے، سیلاب کے ممکنہ خدشے سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں : لاہور میں 44 سالہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

صاحبزاد خان نے کہا کہ چاول کی فصل کیلئے یہ بارشیں کافی بہتر ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ زیادہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
انہوں ںے کہا کہ آج سے چھ اگست تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے بارشیں معمول سے کہیں زائد ہوں گی، اگست میں شمال مشرقی پنجاب اور زیریں سندھ میں معمول سے تھوڑی زیادہ بارش کی توقع ہے، پہلا سلسلہ اگست کی 6 تاریخ تک جاری رہے گا، بارشوں کا دوسرا سلسلہ اگست کی 7 تاریخ سے 15 تاریخ تک جاری رہنے کی توقع ہے، اگست کی 7 سے 15 تاریخ تک ملک کے بالائی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں وقفے وقفے سے مزید بارش کی توقع ہے۔

ڈی جی موسمیات نے کہا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے کی توقع ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں