لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومتوں نے آئی ایم ایف سے معاہدوں کے ذریعے مہنگائی مسلط کی۔
عالمی یوم حجاب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک پر مسلط حکمرانوں نے پوری قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا۔ حکومتوں نے آئی ایم ایف معاہدوں کے ذریعے مہنگائی مسلط کی۔ آئی پیز سے مہنگے معاہدے کر کے غریبوں پر بوجھ ڈالا گیا۔ حکومت کو ہرصورت میں معاہدے کے مطابق عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ عوام کو ریلیف دلوائے بغیر ہماری تحریک ختم نہیں ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین ووٹ کی طاقت سے ظالم حکمرانوں کا احتساب کریں۔ مائیں، بہنیں، بیٹیاں گھروں میں شعور کی شمعیں جلائیں۔ وعدہ کرتا ہوں جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر خواتین کو حق وراثت دلوائے گی۔ خواتین کو سود فری قرضے دیے جائیں گے تاکہ وہ گھروں میں چھوٹے کاروبار کا آغاز کر سکیں۔ تحریک پاکستان اور ملک میں سیاسی وجمہوری تحریکوں میں بھی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں خاندانی نظام پر حملے ہوئے مگر باہمت خواتین نے ڈھال کا کردار ادا کیا۔ باشعور خواتین مغربی کلچر کی یلغار کے مقابلے میں کھڑی ہیں۔ این جی اوز مغربی کلچر کی یلغار چاہتے ہیں مگر پاکستان کی عورت بیدار ہے۔ حجاب کا تصور ایک پوری تہذیب کی نمائندگی کرتا ہے۔ حجاب کی مخاطب صرف عورت نہیں معاشرے کا ہر فرد ہے.