آزادکشمیر حکومت کا 7 ستمبرکو یوم ختم نبوت سرکاری طور پر منانےکا اعلان

مظفرآباد: آزادکشمیر حکومت نے7 ستمبرکو یوم ختم نبوت سرکاری طور پر منانے کا اعلان کردیا۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے 7 ستمبرکو یوم ختم نبوت سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ یوم ختم نبوت سرکاری سطح پر منائیں گے، قومی اسمبلی سے پہلے آزاد کشمیر اسمبلی نے ختم نبوت پر قرار داد منظور کی تھی، آج قانون ساز اسمبلی نے 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت منانےکی قرار داد منظور کی ہے۔

چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے، ہم نے لوگوں سے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا،عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے بجلی 3 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے، اس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ موجودہ حکومت میں وہ معجزاتی کام ہوئے ہیں جن کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون کر رہی ہے،کشمیر کے عوام کو صحت کی سہولت کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں