تحریک انصاف نے 8 ستمبر کے جلسے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے 8 ستمبر کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، نیب ترامیم فیصلے کے بعد بشری بی بی اور بانی چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ کیس میں درخواست دینے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں کور کمیٹی نے 8 ستمبر کو ہونے والے جلسے کی حکمت عملی تیار کرلی، جس کے مطابق ملک بھر سے کارکنان اور عوام کو سنگجانی کے مقام پر لایا جائے گا۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو حلقوں سے عوام کو جمع کر کے لانے کا ٹاسک بھی دیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عدلیہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے بل اور قانون سازی کی بھرپور مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کور کمیٹی میں نیب ترامیم کے پیش نظر بانی چئیرمین اور بشری بی بی کے کیسز کرنے کے لئے درخواست دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
کورکمیٹی اراکین نے پی ٹی آئی کے امیدوار کی کارکن میٹنگ پر پولیس کے چھاپے کی بھرپور مذمت کی اور واضح کیا کہ 8 ستمبر کو ہر حال میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں