اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کوریج کرنے والے بیٹ رپورٹرز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے صحافیوں کے خلاف دیے گئے بیان پی ٹی آئی رہنمائوں کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
اسلام آباد میں خیبرپختونخوا (کے پی) ہاؤس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سلمان اکرم راجا اور رؤف حسن پریس کانفرنس کر رہے تھے لیکن صحافیوں نے کوریج سے منع کر دیا اور کہا کہ ہمارے رپورٹرز کی تصاویر لگا کر ٹرینڈ چلائے جارہے ہیں، اسٹیٹس پر تصاویر لگا کر ہمیں ٹاؤٹ کہا جا رہا ہے جس سے ہمیں نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
سلمان اکرم راجا نے صحافیوں کو کہا کہ علی امین گنڈا پور اس معاملے پر آپ کو وضاحت دیں گے، علی امین گنڈاپور کا بیان بانی پی ٹی آئی کے علم میں لایا جا چکا ہے۔
صحافیوں نے وضاحت آنے تک پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا اور بیٹ رپوٹرز نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے یہ گلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے ابھی تک بیٹ رپوٹرز سے نہ رابطہ کیا اور نہ ہی علی امین گنڈاپور کے بیان کی وضاحت کی ہے۔
بیٹ رپورٹرز نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے صحافیوں کے خلاف بولے ہوئے الفاظ کی وضاحت نہیں کی تاہم سلمان اکرم راجا، رؤف حسن اور شبلی فراز نے صحافیوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ علی امین گنڈا پور اپنے بیان کی وضاحت کریں گے.