اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں تجارت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پرائم منسٹر آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر سے دو طرفہ ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال خیال۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچوں کا اسکول سے باہر ہونا بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم
شہباز شریف اور رجب طیب اِردوان نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان ترکیہ اعلیٰ سطح کے اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے آئندہ 7ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور بالخصوص غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران صدر اِردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی، جن کی بدولت پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا اور وزیر اعظم کی قیادت اور اقتصادی اصلاحات کے عزم کو سراہا۔ مزید برآں صدر اِردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی.