پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جبر و تشدد کے باوجود ڈی چوک پہنچے اور ہدف حاصل کیا۔
علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس ہوا جس میں اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور ورکرز نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی نے کامیاب احتجاج پر علی امین گنڈاپور کو روایتی پگڑی پہنائی۔
علی امین نے احتجاج میں خود پر گزرنے والے واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا اور اپنا ہدف حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ جبر و تشدد اور شیلنگ کے باوجود ڈی چوک اسلام آباد پہنچے، وفاق نے ہم پر ظلم کیا، مجھ پر اور کے پی ہاؤس پر حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہماری منزل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار پارٹی کارکنوں کی رہائی کیلئے لیگل ٹیم تشکیل دے دی ہے.