اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اخترمینگل نے ایوان بالا میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے پارٹی کے دونوں سینیٹرز کو فوری طور ایوان سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔
سربراہ بی این پی مینگل اخترمینگل نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو کو ہدایت کی کہ فوری طور پر سینیٹ سے استعفیٰ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کل تک استعفیٰ نہیں دیا گیا تو آپ دونوں کو پارٹی سے برطرف کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بی این پی مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو نے سینیٹ میں حکومتی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا، جس کے باعث ترمیم 65 ارکان کی مدد سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور کرلی گئی تھی۔
سینیٹر نسیمہ احسان منہ پر ماسک پہنے ایوان میں پہنچی تھیں جبکہ قاسم رانجھو کو ویل چیئر پر ایوان میں لایا گیا تھا، دونوں ارکان کو حکومتی بینچز پر بھی بٹھانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ اٹھ کر اپوزیشن کی نشستوں پر واپس آگئے۔
اس سے قبل اخترمینگل نے بیان میں کہا تھا کہ ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے لیے ہماری سینیٹرز پر دباؤ ڈالا گیا اور خاتون سینیٹر کے شوہر کو اغوا کیا گیا ہے.