لاہور:پیمرا نے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں تحریری جواب جمع کروادیا۔
پیمرا نے کہا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا نام ٹی وی پر نشر نہ کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کے اکمل خان باری کی درخواست پر بانی پی ٹی آئی کا نام ٹی وی پر نشر نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
دوران سماعت پیمرا نے تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی جس میں کہا گیا کہ پیمرا نے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، درخواست گزار نے ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا کہ پیمرا نے ایسا کوئی حکم دے رکھا ہے۔
پیمرا نے کہا کہ درخواست گزار کی درخواست پیمرا میں زیر سماعت ہے، لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست ناقابل سماعت ہے، عدالت حقائق کا جائزہ لینے کے بعد مزکورہ درخواست کو خارج کرے۔
درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے، معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، جس پر جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ وہ کبھی بھی تشریف نہیں لائے، انہوں نے صرف درخواست دائر کرنا ہوتی ہے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ پیمرا آرڈیننس کے مطابق درخواست قابل سماعت نہیں ہے، عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز بانی پی ٹی ائی کا نام نشر نہیں کر رہے، بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ وہ ٹی وی چینلز کو بانی پی ٹی ائی کا نام نشر کرنے کا حکم دے۔