کراچی:ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا نے بھارت کوایڈیلیڈ میں شکست دے کر ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔
دوسری جانب انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری لے کر کیویز کی فائنل میں رسائی کا امکان ماند کردیا، 10 وکٹ سے ملنے والی شکست نے بھارت کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔
سردست جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر براجمان ہے، سری لنکا چوتھے نمبر پرہے جبکہ انگلینڈ نے پانچویں اور نیوزی لینڈ نے چھٹی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔
کرائسٹ چرچ میں کامیابی کے باوجود انگلینڈ کو سلو اوور ریٹ پر 3 ورلڈ چیمپئن شپ پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا رہا تھا، کیویز بھی اسی سزا سے دوچار ہوئے ہیں۔
کرائسٹ چرچ میں ناکامی پر کیویز پانچویں نمبر پر گئے تھے لیکن اب ویلنگٹن میں 232 رنز سے ملنے والی بڑی شکست نے انھیں مزید تنزلی کا دوچار کرکے چھٹے نمبر پردھکیل دیا۔
آسٹریلیا سردست 60.71 کا ہارجیت تناسب کے ساتھ نمبر ون ہے، کینگروز کے ابھی بھارت سے ہوم سیریز کے 3 اور سری لنکا سے اوے سیریزکے 2 میچز باقی ہیں، ان کی بیسٹ ممکنہ اختتام 67.65 فیصد ہوسکتا ہے۔
جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں مات دیکر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے، جنوبی افریقہ 59.26 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، پروٹیز کے سری لنکا سے ایک ٹیسٹ کے بعد پاکستان سے ہوم 2 ٹیسٹ میچز باقی ہیں۔
بھارت 57.29 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے،انھیں آسٹریلیا سے اب 3 اوے میچز کھیلنے ہیں، سری لنکا کا تناسب 50 فیصد ہے، وہ چوتھے نمبر پر ہیں، پانچویں نمبر پر انگلینڈ 45.24 فیصد کے ساتھ ہے، چھٹے نمبر پر موجود کیویز کے 44.23 فیصد ہے۔
ساتویں نمبر پرپاکستان ہے جس کے جیت کا تناسب 33.33 فیصد ہے، بنگلہ دیش 31.25 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر براجمان ہے، ان کے موجودہ سائیکل میں تمام میچز مکمل ہوچکے، ویسٹ انڈیز 24.24 فیصد کے ساتھ نویں نمبر پرہے، پاکستان سے 2 اوے میچز باقی ہیں۔