سانحہ 9 مئی میں ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے مجرم جیل منتقل

اسلام آباد:سانحہ 9 مئی میں ملوث ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے مجرموں کی جیل منتقلی کا عمل شروع کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سزا پانے والے مجرموں کو متعلقہ جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے، راجا محمد احسان اور عمر فاروق کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق 25 میں سے 12 مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا ہے۔

یاد رہے اب سے کچھ دیر قبل ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو سزائیں سنا دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں، یہ سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئی ہیں، سزا پانے والے ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے تمام قانونی حقوق فراہم کئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق 9 مئی 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، 9 مئی کے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ نفرت اور جھوٹ پر مبنی ایک پہلے سے چلائے گئے سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات بشمول شہداء کی یادگاروں پرمنظم حملے کئے گئے اور اُن کی بے حرمتی کی گئی، یہ پُرتشدد واقعات پوری قوم کے لئے ایک شدید صدمہ ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ 9 مئی کے واقعات واضح طور پر زور دیتے ہیں کہ کسی کو بھی سیاسی دہشتگردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس یوم سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی اور ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں