لاہور:بادل برسانے والا سسٹم پاکستان سے نکل جانے کی و جہ سے آئندہ چند روز شدید سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا۔ گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، بارش کے باعث خشک موسم میں کسی حد تک کمی بھی ہوئی ہے۔
موسمیات سے متعلق ماہرین نے بتایا ہے کہ آج بادل برسانے والا سسٹم پاکستان سے نکل گیا ہے، جس کے نتیجے میں آج سے دو تین دن تک موسم سرد رہے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں معمول سے تیز سرد ہواؤں کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی
آج منگل کے روز لاہور میں کم سے کم 6ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں بھی معمول سے تیز سرد ہواؤں کے سبب موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ دن بھر 20 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔
کراچی کا آج کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔