سائرہ یوسف نے ’’چوری‘‘ کرنے کا اعتراف کرلیا

پاکستانی اداکارہ و ماڈل سائرہ یوسف نے سپر اسٹور میں اپنی چوری کی ویڈیو وائرل ہوجانے کے بعد بالآخر اقرارِ جرم کرلیا ہے۔

گزشتہ روز وائرل ہونے والی سائرہ یوسف کی ویڈیو نے ان کے مداحوں کو تفتیش میں مبتلا کردیا تھا جس میں اداکارہ ایک سپر اسٹور سے کچھ چرا کر اپنے لباس میں چھپا کر لے جاتی دکھائی گئی تھیں۔

چوری کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر کھلبلی مچ گئی اور صارفین نے مختلف قسم کے کئی تبصرے کیے جس میں زیادہ تر حیرانی اور سائرہ کے اس عجیب طرز عمل کو مختلف جامہ پہنانے سے متعلق تھے۔

تاہم اب سائرہ یوسف نے خود فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ نہ صرف اس چوری کا اعتراف کررہی ہیں، بلکہ انھوں نے اپنی مجبوری بھی بتائی ہے۔

انسٹا پر شیئر کئی گئی ویڈیو میں سائرہ کہہ رہی ہیں کہ ’’میں اعتراف کرتی ہوں کہ وہ میں ہی تھی، کیوں کہ مجھ سے صبر نہیں ہوا اور مجھے یقین ہے آپ سے بھی نہیں ہوگا۔ چاہے مجھے کوئی بھی الزام دیں لیکن سب سے کریمی ملک چاکلیٹ کےلیے میں مجرم ہوں‘‘۔

اداکارہ کی یہ ویڈیو ظاہر کررہی ہے کہ چوری کی وائرل ہونے والی ویڈیو دراصل اشتہاری مہم کا حصہ تھی جو دانستہ بنائی گئی تھی۔ گزشتہ ویڈیو پر کئی مداحوں سے یہی تبصرہ کیا تھا کہ سائرہ حقیقت میں چوری نہیں کرسکتی بلکہ یہ کوئی اشتہاری مہم ہوگی.

اپنا تبصرہ بھیجیں