پشاور:کرم میں سرکاری قافلے پر فائرنگ اور دھرنے کے بعد ٹل سے پاڑا چنار تک شاہراہ آج بھی بند ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لوئر کرم کے علاقے مندوری میں جاری دھرنے کی وجہ سے آمد و رفت کے راستے آج بھی بند ہیں۔ ٹل تا پاڑا چنار مرکزی شاہراہ بند کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات منظور کیے جانے تک راستہ نہیں کھولا جائے گا۔
راستے بند ہونے کی وجہ سے روزمرہ استعمال کی اشیا نہ ملنے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ٹل سے پاڑاچنار کی جانب روانہ ہونے کا منتظر ہے۔
پولیس کے مطابق روڈ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جب کہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راستے کلیئر ہوتے ہی قافلے کو روانہ کردیا جائے گا۔