اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے حج 2025ء کے لیے خصوصی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج اللہ کے مہمان ہیں، ان کی خدمت میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کروں گا۔
زرائع کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حج 2025ء کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو حج فنڈ پر پیش رفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پر کام حتمی مراحل میں ہے۔
جلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کو سمز کی فراہمی پاکستان سے کی جائے گی اور حجاج کی معاونت کیلئے حج موبائل ایپلی کیشن بھی فعال ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حج 2025ء کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں، حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے، حج کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ تیار کرکے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ حجاج کرام کو حج 2025ء کے حوالے سے تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، وزیر اعظم نے حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں، حکومت کی جانب سے ان کی خدمت و معاونت میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کروں گا۔
وزیراعظم نے حجاج کرام کی رہائش، سفری و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حجاج کرام کیلئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے.