چیمپئنز ٹرافی فائنل: اختتامی تقریب میں پاکستان کو نظرانداز کرنے پر شعیب اختر نے بھی سوال اٹھادیا

کراچی:چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تقریب تقسیم انعامات میں ٹورنامنٹ کے میزبان پاکستان کو مکمل نظر انداز کرنے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی سوال اٹھادیا۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں میزبان ملک کی نمائندگی روایت رہی ہے لیکن آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی بھی عہدیدار کو مدعو نہیں کیا جس نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پی سی بی چیئرمین محسن نقوی صحت کی وجوہات کی بنا پر دبئی نہیں جاسکے تاہم پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید فائنل میچ کے موقع پر دبئی اسٹیڈیم میں ہی موجود تھے لیکن اس کے باوجود آئی سی سی نے انہیں تقریب میں شامل نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں کون اسٹیج پر موجود ہوگا اس کا مکمل اختیار آئی سی سی کے پاس تھا، لیکن اس کے باوجود سمیر احمد سید کو اسٹیج پر نہیں بلایا گیا جبکہ تقریب میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی، سیکریٹری دیوجیت سائقیا، نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی راجر ٹووز اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ مدعو تھے۔

اس صورتحال کو کرکٹ حلقے پاکستان کے ساتھ جان بوجھ کر کیا گیا ناروا سلوک قرار دے رہے ہیں جبکہ پی سی بی بھی اس صورتحال سے ناخوش ہے، فی الحال آئی سی سی کی جانب سے اس پر کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں