اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس کے لیے روانہ ہو گئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 10 سے 11 اپریل 2025ء تک بیلاروس کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
دریں اثنا مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف بھی بیلاروس کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوئی ہیں۔
ان کے علاوہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، حسن نواز، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی بیلاروس کے لیے روانہ ہوئے ہیں جب کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی بیلاروس جانے والے وفد میں شامل ہیں۔
قبل ازیں نواز شریف کی سربراہی میں وفد لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا، جہاں سے انہیں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ بیلاروس جانا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف بیلاروس سے لندن جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ نواز شریف آج بیلاروس جا رہے ہیں۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔
مہمان وفد بیلاروس کے صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شریک ہوگا۔