معروف سینئر پاکستانی اداکار آصف رضا میر نے اپنی سابقہ بہو سجل علی کے ساتھ کام اور سوشل میڈیا رجحانات پر تبصرہ کیا ہے جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
آصف رضا میر نے پہلی بار سابقہ بہو سجل علی کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات اور سوشل میڈیا کے بدلتے رجحانات پر کھل کر بات کی ہے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اور سجل علی جلد ڈرامہ “میں منٹو نہیں ہوں” میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس میں وہ سجل کے والد کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب اس منصوبے کی کاسٹنگ ہوئی تو اس پر سوالات اٹھے، تاہم انہوں نے بطور سینئر اداکار اسے پیشہ ورانہ جذبے سے قبول کیا کیونکہ ان کے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سجل اور ان کیلئے ترقی کا موقع ہے اور سجل نے بھی کام کے دوران بہادری اور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کیا۔
آصف رضا میر نے ایک حالیہ ایونٹ کی وائرل ویڈیوز پر بھی تبصرہ کیا، جن میں احد رضا میر اور سجل علی کو ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان ایسی باتوں سے متاثر نہیں ہوتا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ماضی کے تعلقات پر تبصرے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشتے وقت کے ساتھ بدلتے ہیں، اور پرانے زخموں کو چھیڑنے کے بجائے آگے بڑھنا ہی دانشمندی ہے۔
یاد رہے کہ سجل علی اور احد رضا میر نے 2022 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی تاہم ان دونوں کی جانب سے اس کا کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔