لاہور:چک جھمرہ کے گاؤں چھوٹی گھرتل کے قریب کچے پھاٹک پر ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے شالیمار ایکسپریس ٹرین کو حادثہ پیش آیا جس کے باعث متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
شالیمار ٹرین کو حادثہ رات 2 بجے کے قریب پیش آیا، جس کے باعث شالیمار ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔ حادثے کے باعث فیصل آباد آنے اور جانے والی ٹرینوں کو روک دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرین آنے سے کچھ دیر قبل ٹریکٹر ٹرالی ریلوے ٹریک میں پھنس گئی تاہم جب ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور نے دیکھا کہ ٹرین قریب آگئی ہے تو ڈرائیور نے فوراً ٹریکٹر کی پن نکالی اور ٹریکٹر کو ٹرالی سے الگ کر کے ٹریکٹر لے کر بھاگ گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرین اینٹوں سے بھری ٹرالی سے ٹکرا کر ریلوے لائن سے تقریباً ایک کلومیٹر نیچے اتر گئی، جس کی وجہ سے ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہوئے۔
ساہیانوالہ سے سالار وآلہ تک کا ریلوے ٹریک بھی ٹوٹ گیا ہے جس کی وجہ سے فیصل آباد سے لاہور اور وزیر آباد کے لیے تمام ریلوے ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
سی ای او ریلوے عامر بلوچ شالیمار ایکسپریس حادثے کے موقع پر موجود ہیں، ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹریک کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔