عمران خان کا انکار مسترد؛ پولیس کو فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کی اجازت

لاہور:عدالت نے عمران خان کا فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کی پولیس کو اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا ۔

عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کی اجازت دے دی اور 9 جون کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

قبل ازیں پراسیکیوشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کا جواب عدالت جمع کرایا گیا، جس میں ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ جب تک ٹیسٹ نہیں ہوں گے تب تک تفتیش مکمل نہیں ہو گی۔ بانی پی ٹی آئی تفتیشی افسران کے ساتھ تعاون کریں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کریں گے، انصاف ہوتا نظر آئے گا
عدالت میں ڈی ایس پی لیگل جاوید کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں مزید بتایا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا۔ انہوں نے 2 بار تحریری طور پر ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا اور بعد ازاں عمران خان نے تیسری بار زبانی ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا ۔

عدالت میں دائررپورٹ میں پولیس کی جانب سے تفتیش کے لیے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کی اجازت کی استدعا کی گئی تھی، جس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔

یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 12 مقدمات درج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں