کراچی؛ ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار پر تشدد کرنے والا بااثر شخص گرفتار

کراچی:ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد میں پولیس نے شہری پر تشدد کرنے والے بااثر شخص کے سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کو گرفتار کرتے ہوئے ملزم کی گاڑی قبضے میں لے لی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تشدد میں ملوث شخص کی شناخت کی جا چکی ہے، ملزم سرکاری ملازم نہیں ہے۔ گرفتاری کے لیے رات گئے ملزم کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی جبکہ متاثرہ فیملی سے بھی رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ پولیس اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جارہی ہے، کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں، متاثرہ شہری کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کا کہنا تھا کہ معمولی حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے بااثر شخص کی تفصیلات پولیس نے حاصل کر لی ہیں، پولیس کی جانب سے سلمان فاروقی نامی شخص کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

پولیس افسر کے مطابق موٹر سائیکل سوار متاثرہ شہری نے اب تک پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا، پولیس اپنے طور پر بھی موٹر سائیکل سوار متاثرہ شہری کو تلاش کر رہی ہے۔ موٹر سائیکل سوار متاثرہ شہری سے رابطہ ہونے پر واقعہ کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں