حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا، بیرسٹر سیف

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، یہ بجٹ غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول اور بجلی پر ٹیکس میں اضافہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیاء ضروریہ مہنگی ہو جاتی ہیں۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ توانائی کے متبادل ذریعہ سولر پینل پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے، اب سولر پینل بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے، مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینل پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے، غریب جائیں تو کہاں جائیں؟۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ یہ بجٹ غریب عوام کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ ہے، بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فئیر اپارٹمنٹ میں پیش کیا جاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں