جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 11 خوارج ہلاک، میجر معیز سمیت 2 جوان شہید
میجرسید معیز عباس شاہ آپریشن کی قیادت کررہے تھے، انہیں متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارروائیوں اور بہادری کیلئے جانا جاتا تھا.
جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 11 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔
سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور آپریشن میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 11 خوارج ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجرسید معیز عباس شاہ آپریشن کی قیادت کررہے تھے، میجر معیز شہید کو متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارروائیوں اور بہادری کیلئے جانا جاتا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 37 سالہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا تعلق چکوال سے ہے جبکہ 27 سالہ شہید لانس نائیک جبران اللہ ضلع بنوں کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادرسپوتوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔