وزیر داخلہ کا دورۂ بحرین؛ انسداد دہشتگردی و انسانی اسمگلنگ پر مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ کے دورۂ بحرین کے دوران دونوں ملکوں میں انسداد دہشت گردی و انسانی اسمگلنگ پر مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی ایک روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے، جہاں ان کا بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلفیہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کا شاندار خیرمقدم کیا۔

بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرینی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر ’’منامہ فورٹ‘‘ کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

منامہ فورٹ میں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ سکیورٹی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اشتراک کار کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی اور ان کے بحرینی ہم منصب نے مشترکہ سکیورٹی کمیٹی کے کام کو مزید مؤثر بنانے کے امکانات پر بھی بات کی۔ بحرین کے وزیر داخلہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں جاری تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان و بحرین کے درمیان سکیورٹی تعاون اور کوآرڈینیشن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ بحرین کی وزارت داخلہ اور پاکستانی وزارت داخلہ کے درمیان انسداد منشیات اور انسداد انسانی اسمگلنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بحرینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

آخر میں محسن نقوی نے بحرینی وزارت داخلہ میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ تقریب کے موقع پر بحرین کے نائب وزیر داخلہ میجر جنرل عادل بن خلفیہ بن حماد، چیف آف پبلک سکیورٹی، سینئر عسکری افسران، بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں