پرویز خٹک پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی رکنیت اور چیئرمین شپ سے مستعفی

پشاور: پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی رکنیت اور چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنا استعفیٰ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھجوادیا جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ میں صحت کے مسائل کی وجہ سے پارٹی کیلئے اپنی ذمہ دایاں جاری نہیں رکھ سکتا اس لیے مستعفی ہورہا ہوں۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پرویز خٹک کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے انکی جگہ محمود خان کو پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا نیا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ محمود خان جلد عہدہ سنبھال کر پارٹی کے امور سرانجام دیں گے۔ سینٹرل کمیٹی نے نئے چیئرمین کی منظوری دے دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے نام سے جماعت بنائی تھی تاہم عام انتخابات میں پرویز خٹک کو بری طرح شکست ہوئی اور انکی جماعت خیبر پختونخوا اسمبلی کی صرف دو نشستیں حاصل کرسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں