لاہور میٹرو بس حادثہ، بریک فیل ہونے کے باعث بس جنریٹر اور جنگلے سے ٹکرا گئی

لاہور: لاہور میں میٹرو بس ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں میٹرو بس ماڈل ٹاؤن اسٹیشن کے قریب بس حادثے کا شکار ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکارہونے والی بس کو نقصان پہنچا ہے تاہم بس میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے۔ بریک فیل ہونے کے باعث میٹرو بس جنریٹر اور جنگلے سے ٹکرا گئی۔
بتایا گیا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور بس کو ٹریک سے بھی ہٹا دیا گیا ہے،ٹریک کو اب کلئیر بھی کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل ۔24 جون کو بھی لاہور کے یادگار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آتشزدگی سے بس جل کر خاکستر ہو گئی تھی۔ریسکیو حکام کے مطابق میٹرو بس میں آگ وائرنگ شارٹ ہونے کے باعث لگی،آگ لگنے کے بعد میٹرو بس اتھارٹی کا عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گیا جب کہ بس سروس تعطل کا شکار ہو گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بھجانے میں مصروف ہے۔جبکہ آج پیش آنے والا واقعہ میٹرو بس ٹریک پر چند ہی روز میں چوتھا تشویش ناک واقعہ ہے۔ اس سے قبل 18 جون 2021ء کو بھی لاہور میٹرو بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ لگنے کے بعد مسافروں کو ہنگامی طور پر بس سے اتار لیا گیا، جبکہ آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ عملے کو طلب کیا گیا تھا۔کچھ روز قبل میٹرو بس ایک کار سے بھی ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں کار سوار زخمی جبکہ میٹرو بس کو نقصان پہنچا تھا۔ جبکہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کا سب سے پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ لاہور میٹرو بس ان دنوں بدترین حالت کا شکار ہو چکا۔ بتایا گیا ہے کہ کئی میٹرو بسیں مستقل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں جن کی مرمت کرنے کی بجائے انہیں کھڑا کر دیا گیا ہے۔جبکہ شدید گرمی کے موسم میں بسوں کے اے سی بھی کام کرنا چھوڑ گئے تھے۔ جس کی وجہ سے مسافروں کی بسوں میں سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں