ایگزم بینک برآمدی صنعتی فروغ کیلیے نئی شروعات، وزیرخزانہ

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ایگزم بینک برآمدی صنعتی فروغ کیلیے نئی شروعات ہے۔

نگران وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے جمعرات کے روز ایگزم بینک پاکستان کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایگزم بینک کے آغاز سے برآمدات میں اضافہ اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بینک کے قیام سے پاکستانی برآمد کنندگان کو کریڈٹ انشورنس اور گارنٹی کی خدمات بھی میسر آئیں گی، ادائیگیوں میں توازن، اقتصادی نمو اور معیشت میں پائیداریت کا انحصار معیشت کے ڈھانچے پرہے جس میں برآمدات کا اہم کردار ہے، ہمیں امید ہے کہ ایگزم کے آغاز سے مالیاتی ماحول میں بہتری، ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال اور ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبوں میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

شمشاد اختر نے مزید کہاکہ یہ ملکی معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئیسنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

تقریب میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سیکرٹری تجارت، اسٹیٹ بینک کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں