anmolpinkyhusband

انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر سابق انسپکٹر رانا اکرم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

(روزنامہ جرأت)لاہور کی سیشن کورٹ نے انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر سابق ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ رانا محمد اکرم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے یاسمین تبسم المعروف نگار چوہدری کی درخواست پر دفعہ 22A، 22B کے تحت ایس ایچ او کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔سابق انسپکٹر رانا محمد اکرم پر گھر میں غیر قانونی چھاپے اور 55 لاکھ روپے مالیت کا سامان لے جانے کا الزام ہے۔ سی سی پی او آفس کی انکوائری رپورٹ میں رانا محمد اکرم کو بدانتظامی اور غلط رویے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ایس ایس پی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کی 5 اگست 2024 کی رپورٹ میں چھاپے سے متعلق سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی بعد ازاں انکوائری میں الزامات ثابت نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا گیا تھا۔نگار چوہدری نے دوسری انکوائری رپورٹ کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی۔ اے آئی جی انسپیکشن اور اے آئی جی کمپلینٹس نے 21 جولائی 2025 کو ڈی نوو انکوائری کا حکم دیا تھا۔آئی جی پنجاب کے ذریعے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ رانا محمد اکرم 14 فروری 2025 کو ریٹائر ہو چکے ہیں جس پر عدالت نے قرار دیا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود الزامات کی قانونی حیثیت ختم نہیں ہوتی ہے۔عدالت نے آبزرویشن دی کہ پولیس حکام ملزم افسر کے قصوروار یا بے قصور ہونے کا تعین کرنے میں ناکام رہے۔
درخواست میں گھر میں زبردستی داخل ہونے، غیر قانونی حراست اور دیگر قابل دست اندازی پولیس جرائم کے الزامات شامل تھے۔عدالت نے قرار دیا کہ شکایت میں قابل دست اندازی پولیس جرائم کے واضح عناصر موجود ہیں۔ عدالت کے مطابق الزامات کی حقیقت کا تعین ایف آئی آر کے بعد تفتیش کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 154 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو نگار چوہدری کی شکایت پر فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ 20 مئی 2026 کے عدالتی حکم میں رانا محمد اکرم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا واضح حکم دیا گیا تھا۔ عدالتی حکم کے مطابق شکایت کو قانون کے مطابق رجسٹر کر کے تفتیش آگے بڑھائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں