(روزنامہ جرأت)قومی ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے انکشاف کیا ہے کہ جب ڈریسنگ روم میں بابر اعظم پر ان کی بیٹنگ کے حوالے سے تنقید کی تو انھوں نے ایک ہفتہ مجھ سےبات نہیں کی تھی۔حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں مکی آرتھر نے بابراعظم کی بیٹنگ کے اندازپر کی گئی تنقید کے حوالے سے بتایا کہ’ بابراعظم نے 2019 میں انگلینڈکےخلاف ٹرینٹ برج میں سنچری اسکورکی تھی اس وقت بابر نے 78 گیندوں پر 90 رنز بنائے‘۔
سابق ہیڈ کوچ کے مطابق’ بابراعظم نے 90 سے 100 رنز تک پہنچنے کے لیے 15گیندیں کھیلیں، میرےخیال میں وہ آخری 15 گیندیں انہوں نے اپنی سنچری پوری کرنے کیلئے کھیلی تھیں‘ ۔انہوں نے کہا کہ’بابر 90 سے 100 رنز تک 5 گیندوں میں پہنچ جاتےتو مزید10 گیندیں ملتیں اور ہم تقریباً 15 اضافی رنز بناسکتےتھےجس سےمیچ کا نتیجہ تبدیل ہوسکتا تھا لیکن ہم وہ میچ آخری اوور میں ہار گئے تھے‘ ۔ مکی آرتھر نے بتایا کہ بعدازاں ڈریسنگ روم میں بابر پر تنقید کی تو انھوں نے ایک ہفتہ مجھ سے بات نہیں کی۔




