(روزنامہ جرأت)وفاقی دارالحکومت، خیبر پختوںخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 215 کلو میٹر زیر زمین تھی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، بٹگرام، سوات اور ایبٹ آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے نکل آئے۔
ریسکیو 1122 نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام الناس کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر فوری رابطہ کریں۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال, میانوالی، ملتان، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ترجمان کے مطابق پنجاب میں زلزلے کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔




