shehbaz sharif trump board of peace

اُمید ہے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار ہوگی، وزیراعظم کا غزہ امن معاہدے کا خیر مقدم

اسلام آباد: (روزنامہ جرأت)وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ بورڈ آف پیس کی جانب سے پیش کیے گئے امن معاہدے کے مسودے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار کریں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اس پیش رفت کے حصول میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ خصوصی داد کے مستحق ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں یہ بورڈ آف پیس کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
وزیر اعظم نےکہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ اس پیشرفت کے بعد غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار کریں گی، جو بین الاقوامی قانونی اصولوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہوگا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس عمل کے نتیجے میں 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ ہوگیا ہے، جیسے ہی غزہ کو غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔ٹرمپ نے کہا کہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، معاہدہ مرحلہ وار اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔بعد ازاں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے تصدیق کی کہ ہتھیاروں اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے مرحلہ وار انخلا پر معاہدہ طے پاگیا۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ثالث کردار ادا کریں، امید ہے ثالث اور بورڈ آف پیس اسرائیل کو معاہدے کا پابند بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں