(روزنامہ جرأت)پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں ہونے والے پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کو خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے نام کردیا۔چھاتی کے کینسر کی آگاہی کیلئے پاکستان ٹیم 25 اکتوبر کو انگلینڈ کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں گلابی کٹ پہنے گی۔یہ پی سی بی اور پنک ربن کی چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مشترکہ کاوش ہے جس کیلئے پی سی بی کی جانب سے دستخط شدہ خصوصی فین شرٹس کی نیلامی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق شاہین آفریدی اور بابر اعظم کے دستخط شدہ شرٹس نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین کے علاج پر خرچ ہوگی۔پی سی بی نے بتایا کہ نیلامی کا مقصد علاج کے اخراجات برداشت نہ کر سکنے والی خواتین کی مدد کرنا ہے، اس سے شائقین کو خصوصی شرٹس حاصل کرنے اور قیمتی جانیں بچانے میں کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔




