pakistanihajjpilgrims

عازمین حج کے لیے خوشخبری؛ حکومت نے بڑی سہولت فراہم کردی

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)عازمین حج کے لیے خوش خبری ہے کہ حکومت کی جانب سے دورانِ حج ان کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے رواں سال حج کی سعادت کے لیے جانے والوں کو سعودی عرب میں استعمال کے لیے مقامی سم کارڈ بلا معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سہولت کے تحت ہر حاجی کو قیام کے دوران رابطوں میں آسانی کے لیے مفت کالز اور انٹرنیٹ کی سہولت دی جائے گی۔لانگ پیکیج یعنی 40 دن قیام کرنے والے حاجیوں کو 600 لوکل و انٹرنیشنل منٹس اور 40 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ شارٹ پیکیج کے تحت جانے والے حاجیوں کو 300 لوکل و انٹرنیشنل منٹس اور 25 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا دیا جائے گا۔یہ منٹس کال کرنے اور کال وصول کرنے دونوں کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔
حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ عازمین حج حکومت کی طرف سے دی گئی سم کے سوا کوئی اور سم ہرگز نہ خریدیں کیونکہ ایک پاسپورٹ پر صرف ایک ہی سم جاری کی جائے گی۔ دوسری سم خریدنے کی صورت میں سرکاری طور پر دی گئی سم بند ہو سکتی ہے۔ہدایات میں مزید بتایا گیا ہے کہ موبائل کا ریچارج کوڈ حاجیوں کی رہائش گاہوں یعنی بلڈنگ یا کاؤنٹر پر دستیاب ہوگا اور بیلنس ختم ہونے کی صورت میں معاوضہ ادا کر کے ریچارج کروایا جا سکتا ہے۔ سم کارڈ حاجیوں کو ان کی رہائش گاہوں پر ہی فراہم کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں