imrankhanadialajail

عمران خان کے وکیل نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دوبارہ خط لکھ دیا

(روزنامہ جرأت)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دوبارہ خط لکھ دیا۔پاور آف اٹارنی اور قانونی دستاویزات ایک بار پھر جیل حکام کو ارسال کی گئیں، وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے فوری دستخط کروا کر دستاویزات واپس کیے جائیں، پہلے خط (6 اپریل 2026) کا حوالہ بھی خط میں شامل ہے۔وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ پاور آف اٹارنی اور قانونی دستاویزات 7 اپریل کو ٹی سی ایس کے ذریعے بھیجے گئے،دستاویزات 9 اپریل کو دوپہر 3:13 بجے جیل آفس میں موصول ہوئے، 13 اپریل کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پہنچا.وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ جیل اسٹاف اور صدر پولیس کے پاس آمد اور مقصد باقاعدہ ریکارڈ کیا گیا، کئی گھنٹے انتظار کے بعد بتایا گیا کہ دستاویزات “ریکارڈ میں نہیں مل رہیں. حساس قانونی دستاویزات کا غائب ہونا سنگین انتظامی غفلت ہے، یہ عمل قانونی کارروائی میں رکاوٹ اور انصاف تک رسائی میں مداخلت ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق اور فیئر ٹرائل کے حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت تیزی سے ختم ہو رہی ہے، جیل حکام کی ذمہ داری ہے کہ قیدی کو انصاف تک رسائی فراہم کریں، فوری طور پر سابق وزیراعظم سے دستخط کروائے جائیں،24 گھنٹوں میں دستخط شدہ دستاویزات واپس کی جائیں،اس معاملے کو نہایت ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے۔
خط کی نقل رجسٹرار سپریم کورٹ اور سیکرٹری چیف جسٹس سپریم کورٹ کو بھی ارسال کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں