(روزنامہ جرأت)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو سے متعلق لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہے۔لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران برطانوی براڈکاسٹر نے عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کیا، جو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نشریات پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناراضی کا اظہار کیا، جبکہ یہ تاثر بھی سامنے آیا کہ وقفے کے بعد ٹیم کی میدان میں واپسی میں ہچکچاہٹ دیکھی گئی۔لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے واضح کیا کہ انہیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں اور نہ ہی وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ پی سی بی نے اس حوالے سے انگلینڈ کرکٹ حکام سے کوئی شکایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم معمول کے مطابق وقفے کے بعد میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی اور انٹرویو کے باعث کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوئی۔ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے مزید کہا کہ کھلاڑی خراب کھیلے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ میں سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دوں۔ یہ ہماری ٹیم ہے اور پاکستان کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ محمد رضوان ، سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے پرفارم بھی کیا ہے، لیکن آج رنز نہیں کر رہے ، تو بطور ہیڈ کوچ ان کے ساتھ کھٹرا ہوں، سیریز کے بعد بیٹھیں گے، بات کریں گے، پھر طے کریں گے، کس کو رکھنا ہے، کس کو نکالنا ہے۔




