tution centre roof collapse

لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق

(روزنامہ جرأت)لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔
وزیر صحت پنجاب نے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی، ریسکیو حکام کے مطابق ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع شام 4:45 بجے پرملی تھی، 5 سے 6 بچوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد 2 بچوں کو ڈسچارج کردیا گیا،4 بچے زیر علاج ہیں،حالت خطرے سے باہر ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بچے اسکول کی اکیڈمی میں ٹیوشن پڑھنے آئے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام ہورہا تھا، ٹیوشن سینٹر کےگراؤنڈ فلور پر بچے پڑھ رہے تھے۔ ٹیوشن سینٹر چلانے والے 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، تحقیقات کے بعد تمام چیزیں سامنے لائی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی، وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گھر میں ٹیوشن سینٹر بنایا ہوا تھا، خستہ حال عمارت کو بچوں کو پڑھانے کیلئے استعمال کیا گیا، اسے ٹھیک نہیں کرایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں