(روزنامہ جرأت)سوئنگ کا سلطان کے نام سے مشہور سابق کپتان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی موت کی افواہوں پر دلچسپ ردِعمل دیا ہے۔وسیم اکرم نے انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بڑے دلچسپ انداز میں اپنی موت کی خبروں کی تردید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے سب لوگ ٹھیک ٹھاک ہیں، میرا آپ لوگوں سے یہ سوال ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے میری موت کے بارے میں سوشل میڈیا پر جعلی افواہیں گردش کررہی ہیں، اب اگر آپ لوگوں کو آج کے جدید دور میں جعلی خبروں کی سمجھ نہیں ہے تو ہم 60 سال کے بابے کس کھیت کی مولی ہیں۔سابق کرکٹر نے کہا کہ ان لوگوں کو 21 توپوں کی سلامی جو سوشل میڈیا پر مجھے میسج کرکے پوچھ رہے ہیں کہ آپ زندہ ہیں؟
اُنہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ نہیں میں مرنے کے بعد یہ ویڈیو بنا رہا ہوں، جن لوگوں نے مشہور کرکٹرز کو لے کر میری موت کی افواہیں پھیلانے کے لیے جعلی ویڈیوز بنائی ہیں، انہیں بھی بڑی محنت کرنی پڑی ہوگی، اگر اتنا دماغ کسی اچھے کام میں لگائیں تو بڑی کامیابیاں حاصل کریں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پنجابی میں ایک مشہور کہاوت ہے کہ گدھے کے اوپر کتابیں لادنے سے وہ عالم نہیں بن جاتا کیونکہ اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے اور نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہے۔اس سے قبل شنیرا نے بھی سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ ریکارڈنگ میں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں اور AI ویڈیوز کے جواب میں شیئر کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، وہ جم میں ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔شنیرا اکرم کی اس ویڈیو کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور واضح ہو گیا کہ وسیم اکرم خیریت سے ہیں۔




